جانِ من آپ ایک کام کریں
اپنے الزام میرے نام کریں
آپ کی تمکنت کی عمر دراز
ہم فقیروں کا احترام کریں
بندہ پرور بہار کی رت ہے
مسکرا کر ذرا کلام کریں
ایک دو ساغروں سے کیا ہوگا
کوئی معقول انتظام کریں
اے عدمؔ روز کا یہ جھگڑا کیا
بات کا سلسلہ تمام کریں
عبد الحمید عدم